مصنف: مائیک ویلتھاؤس
ترجمہ و تالیف: ارسلان الحق
تعارف
سفر پر جانے کا شوق کس کو نہیں ہوتا؟ چاہے کسی رشتہ دار کے گھر جانا ہو یا قریبی ساحل پر یا پھر دُور کسی جگہ چھٹیاں منانے۔ سفر کی خوشی اور انتظار سفر کو منزل کی طرح ہی دلچسپ بنا دیتے ہیں۔
یہ کتاب زبور کی کتاب کے مطالعہ کے ذریعے آپ کو ایک خاص سفر پر لے جائے گی۔ آپ مختلف ادوار سے گذریں گے، اسرائیل کے بیابانی سفر، داؤد کی زندگی، یہوداہ کی اسیری اور آخرکار یسوع مسیح کی زمینی خدمت کے دور سے۔ اس دوران میں ہم بیابان، غار، محل اور جنگ کے میدان سمیت مختلف مقامات کی سیر کریں گے۔ اِس کتاب کے مطالعہ کے دوران میں آپ کئی طرح کے جذبات جیسے خوشی، خوف، اطمینان، مایوسی ، ستایش کرنے اور جشن منانے کا تجربہ بھی کریں گے۔ سفر کے دوران میں، بعض مقامات پر ٹھہر کر ہم مزامیر کے اُن اہم روحانی موضوعات پر بھی غور کریں گے جو عصر حاضر کے مسیحی نوجوانوں کے لیے رہنمائی کا باعث ہیں۔
جیسے ہر سفر کی ایک منزل ہوتی ہے، اِسی طرح اس روحانی سفر کی بھی ایک منزل ہے۔ زبور پر مبنی اِس کتاب کے ہر ایک باب کا اختتام پوری بائبل مقدس کی سب سے اہم اور مرکزی شخصیت پر کیا گیا ہے یعنی یسوع مسیح پر۔ میری دعا ہے کہ اِس مطالعہ کے ذریعے آپ مسیح یسوع کو بائبل مقدس کے ہر صفحہ پر دیکھ سکٰیں۔ اور خدا کے فضل سے آپ اپنے نجات دہندہ کی اور زیادہ نزدیکی حاصل کریں، ایمان میں مضبوط ہوں اور آپ کا ایمان زندگی کے سفر کے ساتھ ساتھ بڑھتا اور پختہ ہوتا چلا جائے۔
اردو زبان میں ترجمہ شدہ مضامین اور کتابیں پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

