مصنف: رونالڈ ہینکو
ترجمہ کار: ارسلان الحق
دیباچہ
اس کتاب کی ابتدا دراصل دو سو مضامین کے سلسلے سے ہوئی جو برطانیہ میں رسالت کے کام کے دوران میں آٹھ سال تک مطالعہ کے لئے تقسیم کئے جاتے رہے۔ قارئین کی پسندیدگی اور حوصلہ افزائی ہی اس کتاب کی اشاعت کی وجہ ہے۔
متذکرہ مضامین میں سے کچھ اس کتاب میں شامل نہیں کیے گئے لیکن تقریباً پچاس نئے مضامین شامل کیے گئے ہیں تاکہ خلا پر کیا جائے۔ زیادہ تر مضامین پر نظر ثانی کی گئی ہے اور کچھ کو دوبارہ لکھا گیا ہے۔
کتاب ہذا میں اصلاحی علم الٰہی کے مضامین کی ترتیب کو مدِنظر رکھا گیا ہے۔ اس کتاب تعلیم بہ مطابق دِین داری کے چھ حصے ہیں اگرچہ ان کے لئے روایتی نام استعمال نہیں کیے گئے ہیں۔
چونکہ یہ مضامین اصلاحی رسالتی خدمت اور گواہی کے لئے لکھے گئے تو یہی کوشش کی گئی کہ انہیں سادہ اور واضح انداز میں لکھا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ بائبل مقدس کے حوالہ جات کا بھرپور استعمال کیا گیا اور یہ واضح کیا گیا کہ بائبل مقدس کے عقائد ہماری روزمرہ زندگی میں کس طرح لاگو ہوتے ہیں۔ یہ سب اصول اب بھی برقرار ہیں تاکہ یہ کتاب مسیحی رسالت اور کلیسیاؤں میں اصلاحی ایمان کی تعلیم کے لیے مددگار ثابت ہو۔
مضامین مختصر رکھے گئے ہیں تاکہ جو لوگ اصلاحی ایمان کے بارے میں پہلے سے کچھ جانتے ہیں، وہ مزید مطالعہ کی طرف راغب ہوں۔ میرا یہ ماننا ہے کہ اصلاحی کلیسیاؤں کے زوال کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ لوگ زیادہ مطالعہ نہیں کرتے۔ امید واثق ہے کہ یہ آسان مضامین تعلیم الفضل اور ہماری نجات میں خدا کی حاکمیت کے گہرے مطالعے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔
خدا ان کاوشوں کو بڑھائے اور اپنے لوگوں کی بھلائی کے لیے استعمال کرے۔
پادری رونالڈ ہینکو
اردو زبان میں ترجمہ شدہ مضامین اور کتابیں پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

