یسوع کون ہے؟
یوحنا کی انجیل میں سےنوجوانوں کے لئے روحانی پیغامات (کتاب اوّل)
مصنفہ: ایبی وین سولکیما
مترجم: سنیل سموئیل
چوتھا دِن: فضل پر فضل
اور کلام مجسم ہوا اور فضل اور سچائی سے معمور ہو کر ہمارے درمیان رہا اور ہم نے اُس کا ایسا جلال دیکھا جیسا باپ کے اکلوتے کا جلال۔ یوحنا نے اُس کی بابت گواہی دی اور پکار کر کہا کہ یہ وہی ہے جس کا میں نے ذکر کیا کہ جو میرے بعد آتا ہے وہ مجھ سے مقدم ٹھہرا کیونکہ وہ مجھ سے پہلے تھا۔ کیونکہ اُس کی معموری میں سے ہم سب نے پایا یعنی فضل پر فضل۔اس لئے کہ شریعت تو موسیٰ کی معرفت دی گئی مگر فضل اور سچائی یسوع مسیح کی معرفت پہنچی ۔ خدا کو کسی نے کبھی نہیں دیکھا۔ اکلوتا بیٹا جو باپ کی گود میں ہے اُسی نے ظاہر کیا (یوحنا 1: 14-18)۔
پرانے عہد نامے میں خدا نے مختلف نشانات اور علامات استعمال کیں تاکہ بنی اسرائیل پر اپنی حضوری ظاہر کرے۔کیا آپ کو اُن میں سے کوئی نشان یا علامت یاد ہے؟لیکن نئے عہد نامے میں جب کلام مجسم ہوا (آیت 14) تو خدا انسان کے ساتھ ایسے رہنے آیا جیسے وہ پہلے کبھی نہیں رہا۔خدا کے بیٹے نے دنیا میں آنے کے لئے انسانی جسم اختیار کیا۔
مسیح یسوع میں خدا کی موجودگی کسی ایک چھوٹے سے حصے تک محدود نہیں تھی بلکہ اُس کی ذات کا ہر ایک حصہ خدا کے جلال سے معمور تھا۔یسوع نے خدا کے فضل اور سچائی کو ظاہر کیا۔وہ پرانے عہد نامے کی تمام علامات اور نشانات کی تکمیل تھا۔وہ شریعت جو موسیٰ کے ذریعے دی گئی لوگوں پر اُن کے گناہ ظاہر کرتی اور توبہ کی ترغیب دیتی لیکن یسوع مسیح کے ذریعے دِیا گیا فضل اور سچائی لوگوں کو شریعت کی قید سے آزاد کرتے اور اُس پر عمل کرنے کے لائق بناتے ہیں ۔
پطرس، یعقوب اور یوحنا نے خدا کے بیٹے کے تجسم کے جلال کو پہلی بار براہِ راست پہاڑ پر اُس کی صورت کے تبدیل ہونے کے وقت دیکھا۔انہوں نے اور اِسی کے ساتھ اور بہت سے لوگوں نے یسوع کی زمینی خدمت کے دوران بھی اِس جلال کو دیکھا۔یسوع کی زمینی خدمت کے وقت اُس کی ذات میں خدا کی محبت، فضل، رحم، اطمینان اور قدرت پوری طرح ظاہر ہوئی اور خاص طور پر اُس کے جی اُٹھنے اور آسمان پر صعود فرمانے میں۔
اگرچہ یسوع آج اِس زمین پر نہیں تو بھی خدا اپنے لوگوں کے ساتھ رہتا ہے۔پینتی کوست کے دِن سے خدا کے لوگ روح القدّس کی بخشش کے ذریعے اُس کے فضل کی معموری کا تجربہ کرتے ہیں۔اُس نے فضل کے وسائل بھی مقرر کیے ہیں جن کے ذریعے وہ آسمان سے زمین پر اپنے لوگوں کو برکتیں عطا کرتا ہے۔
فضل کے وسائل انجیل کی منادی اور دو ساکرامنٹ بپتسمہ اور عشائے ربانی ہیں۔جب آپ انجیل کی منادی سنتے اور ایمان کے ساتھ ساکرامنٹوں میں شریک ہوتے ہیں تو آپ فضل پر فضل (آیت16)کا تجربہ کرتے ہیں یعنی فضل پر فضل، ہر بار پہلے سے زیادہ اور مزید سے مزید تر فضل ، کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ کس قدر حیرت انگیز اور شاندار برکت ہے؟
شخصی جائزہ: اپنے آپ سے سوال کریں کہ
١۔ کیا آپ ایک مسلمہ اقرارالایمان کی حامل کلیسیا کے رکن ہیں جہاں انجیلی سچائی کی منادی کی جاتی ہے؟
٢۔ کیا آپ پورے طور سے عشائے ربانی میں شریک ہوتے ہیں؟اگر نہیں تو دعا کے ساتھ غور کریں، ممکن ہے کہ خدا آپ کو اپنے مسیحی ایمان کا اعلانیہ اقرار کرنے کے لئے بلارہا ہے تاکہ آپ فضل کے اِن وسائل میں حصہ لے سکیں۔
اپنے آسمانی باپ سے دعا کرتے وقت
١۔ اقرار کریں کب کب آپ نے فضل کے وسائل کی بے قدری کی۔
٢۔ اپنی کلیسیائی رکنیت کے لئے خدا سے رہنمائی کی درخواست کریں۔
٣۔ خدا کا شکر ادا کریں فضل کی معموری کے لئے جو روح القدّ س کے وسیلہ سے ظاہر ہوتی ہے۔
اردو زبان میں ترجمہ شدہ مضامین اور کتابیں پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

