یسوع کون ہے؟
یوحنا کی انجیل میں سےنوجوانوں کے لئے روحانی پیغامات (کتاب اوّل)
مصنفہ: ایبی وین سولکیما
مترجم: سنیل سموئیل
ساتواں دِن: دیکھو یہ خدا کا برہ ہے
دوسرے دن اُس نے یسوع کو اپنی طرف آتے دیکھ کر کہا دیکھو یہ خدا کا برّہ ہے جو دنیا کا گناہ اُٹھا لے جاتا ہے۔ یہ وہی ہے جس کی بابت میں نے کہا تھا کہ ایک شخص میرے بعد آتا ہے جو مجھ سے مقدّم ٹھہر اہے کیونکہ وہ مجھے سے پہلے تھا۔ اور میں تو اُسے پہچانتا نہ تھا مگر اِس لئے پانی سے بپتسمہ دیتا ہوا آیا کہ وہ اسرائیل پر ظاہر ہو جائے۔اور یوحنا نے یہ گواہی دی کہ میں نے روح کو کبوتر کی طرح آسمان سے اُترتے دیکھا ہے اور وہ اُس پر ٹھہر گیا ۔ اور میں تو اُسے پہچانتا نہ تھا مگر جس نے مجھے پانی سے بپتسمہ دینے کو بھیجا اُسی نے مجھ سے کہا کہ جس پر تو روح کو اُترتے اور ٹھہرتے دیکھے وہی روح القدّس سے بپتسمہ دینے والا ہے۔ چنانچہ میں نے دیکھا اور گواہی دی ہے کہ یہ خدا کا بیٹا ہے (یوحنا 1: 29- 34)۔
یوحنا بپتسمہ دینے والا جانتا تھا کہ یسوع خدا کا بیٹا ہے۔ تقریباً چالیس دن پہلے اُس نے خود یسوع کو بپتسمہ دیا تھا۔ اس نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ روح القدس ایک کبوتر کی صورت میں یسوع پر اُترا (متی 3: 16)۔ اُس نے آسمان سے آواز بھی سنی کہ یہ میرا پیارا بیٹا ہے جس سے میں خوش ہوں (متی 17:3)۔
جب کاہن اور لاوی یوحنا سے یہ پوچھ رہے تھے کہ وہ کون ہے تو یوحنا نے اپنی خدمت کا مقصد وفاداری سے انجام دیا۔ اس نے اُن کی توجہ یسوع کی طرف مبذول کروائی اور کہا دیکھو یہ خدا کا برّہ ہے (آیت 29)۔ برّے کا تصور یہودیوں کے لئے عام تھا۔ خدا نے پرانے عہد نامے میں مختلف سوختنی قربانیوں کے لیے برّوں کو مخصوص کیا تھا۔ پہلی عید فسح پر بھی برّے کے خون کی خاص اہمیت نظر آتی ہے کیونکہ اُس کے خون کے باعث موت کے فرشتہ نے اسرائیلی گھروں کو چھوڑ دِیا تھا۔
یسوع خدا کا برّہ ہے جو حتمی قربانی کے لیے بھیجا گیا اور پہلے قربان ہوئے تمام برّوں کی قربانیوں کی تکمیل تھا۔ ہم یسعیاہ کی مسیح کے بارے نبوت پڑھ سکتے ہیں جس طرح برّہ جسے ذبح کرنے کو لے جاتے ہیں اور خداوند نے ہم سب کی بدکرداری اُس پر لادی (6:53-7)۔ اُ س پر جو حقیقی انسان اور حقیقی خدا دونوں تھا، اُس برّے کا خون واحد قربانی تھی جو اپنے لوگوں کے گناہوں کی قیمت ادا کرنے کے لائق تھی۔
یوحنا بپتسمہ دینے والے کا اعلان آپ کے لئے بھی ہے کہ دیکھو یہ خدا کا برّہ ہے میں لفظ دیکھو ایک حکم ہے کہ کسی چیز کو دیکھو۔ یہ حکم ہے کہ نجات کے واحد راستے کے طور پر یسوع کی طرف دیکھو۔ صرف وہی ایسا برّہ ہے جو آپ کے گناہ اپنے اوپر اُٹھا سکتا ہے اور اپنا خون بہانے کے ذریعے آپ کو اپنی کامل راست بازی دینے پر قادر ہے ( 2 کرنتھیوں 21:5)۔
ہم اکثر اپنی اس زندگی میں یسوع پر نگاہ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمارے دِلوں میں روح القدس موجود ہے جو اِس کوشش میں ہماری مدد کرتا ہے۔ آپ اُس دن کے لئے پرامید ہوسکتے ہیں جب آپ ابدیت میں خدا کے برّے کی کامل طور پر عبادت کرتے ہوئے زندگی گذاریں گے۔
شخصی جائزہ: اپنے آپ سے سوال کریں کہ
١۔ آپ خداوند کے برے کو کیسے دیکھتے ہیں؟
٢۔ آپ کی زندگی میں کونسی ایسی چیزیں ہیں جو آپ کی توجہ اپنے نجات دہندہ سے ہٹا دیتی ہیں؟ آپ اُن چیزوں کو کیسے ختم کر سکتے ہیں؟
اپنے آسمانی باپ سے دعا کرتے وقت
١۔ اس وقت کا اقرارکریں جب آپ اپنے نجات دہندہ پرنگاہ کرنے کی بجائے کسی اور چیز یا شخص پرنگاہ کرنے کی آزمائش میں پڑے۔
٢۔ قوت کے لئے درخواست کریں کہ آپ کی نگاہیں دنیاوی چیزوں کی بجائے اپنے نجات دہندہ پرلگی رہیں۔
٣۔ خدا کا شکر ادا کریں کہ اُس نے اپنا بیٹا بھیجا تاکہ وہ آپ کے گناہوں کے لیے کامل قربانی ادا کرے۔
اردو زبان میں ترجمہ شدہ مضامین اور کتابیں پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

