بائبلی مسیحیت: دِین مسیحیت کی بنیادی تعلیمات
مصنف: جان کالون
ترجمہ و تالیف: ارسلان الحق
حصہ اوّل: خالق خدا کا علم
٢۔ خدا کو جاننے کا مطلب
خدا کو جاننے کا مطلب صرف یہ جان لینا نہیں ہے کہ خدا موجود ہے۔ جو لوگ خدا کی مرضی کے مطابق دِین داری کی زندگی بسر نہیں کرتے وہ درحقیقت خدا سے واقف نہیں ہیں۔ بعض لوگ خدا کے بارے میں بس اتنا ہی جانتے ہیں کہ اُس نے سب چیزوں کو اپنی قدرت سے خلق کیا ہے اور انہیں اُسی حالت میں قائم رکھتا ہے۔بعض حتیٰ کہ یہ بھی جان لیتے ہیں کہ وہ بنی نوع انسان پر حکمت، عدل اور محبت بھری نگہداشت کے ساتھ حکمرانی کرتا ہے۔ لیکن ہم خدا کو حقیقی معنوں میں اُسی وقت جان سکتے ہیں جب ہم اِس حقیقت سے بھی آگاہ ہوں کہ ہماری حکمت، راست بازی، طاقت یا سچائی اُس کے سوا کہیں اور سے نہیں آتی۔
ہمیں ہر ایک اچھی چیز کے لئے اُسی سے درخواست کرنی چاہیے اور اُس کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ تب ہمیں یہ احساس ہوگا کہ چونکہ اس نے ہمیں پیدا کیا ہے اور وہی ہمیں قائم رکھتا ہے، اس لیے ہماری زندگیاں اسی کی ملکیت ہیں۔ اگر ہم اس کے ہیں تو ہمارے کام بھی صرف وہی ہونے چاہئیں جو وہ ہم سے چاہتا ہے کہ ہم کریں۔ ہم گناہ سے باز آئیں گے۔ نیکی کرنے کی ہماری خواہش اس خوف سے نہیں ہو گی کہ اگر ہم نے غلطی کی تو سزا ملے گی بلکہ اس وجہ سے ہو گی کہ ہم اُس سے محبت کرتے ہیں اور اسے ناراض کرنے سے ڈرتے ہیں۔
اردو زبان میں ترجمہ شدہ مضامین اور کتابیں پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

