Menu Close

آٹھواں دِن: یسوع کی پیروی کے لئے بلائے گئے / Called to Follow Jesus

      

یسوع کون ہے؟

یوحنا کی انجیل میں سےنوجوانوں کے لئے روحانی پیغامات (کتاب اوّل)

مصنفہ: ایبی وین سولکیما

مترجم: سنیل سموئیل

آٹھواں دِن: یسوع کی پیروی کے لئے بلائے گئے

دوسرے دِن پھر یوحنا اور اُس کے شاگردوں میں سے دو شخص کھڑے تھے۔ اُس نے یسوع پر جو جا رہا تھا نگاہ کرکے کہا دیکھو یہ خدا کا برّہ ہے! وہ دونوں شاگرد اُس کو یہ کہتے سن کر یسوع کے پیچھے ہو لئے۔ یسوع نے پھر کر اور انہیں پیچھے آتے دیکھ کر اُن سے کہا تم کیا ڈھو نڈتے ہو؟ انہوں نے اُس سے کہا اے ربی (یعنی اے استاد ) تو کہاں رہتا ہے؟ اُس نے اُن سے کہا چلو دیکھ لو گے۔ پس انہوں نے آ کر اُس کے رہنے کی جگہ دیکھی اور اُس روز اُس کے ساتھ رہے اور یہ دسویں گھنٹے کے قریب تھا۔ اُن دونوں میں سے جو یوحنا کی بات سن کر یسوع کے پیچھے ہولئے تھے ایک شمعون پطرس کا بھائی اندریاس تھا۔ اُس نے پہلے اپنے سگے بھائی شمعون سے مل کر اُس سے کہا کہ ہم کو خرستس یعنی مسیح مل گیا۔ وہ اُسے یسوع کے پاس لایا۔ یسوع نے اُس پر نگاہ کرکے کہا تو یوحنا کا بیٹا شمعون ہے۔ تو کیفا یعنی پطرس کہلائے گا (یوحنا 1: 35- 42)۔

یوحنا نے بذریعہ الہام یسوع کے ابتدائی شاگردوں کے اکھٹے ہونے کی تفصیلات بیان کی۔ ایسی تفصیل جس کا ذِکر دوسری اناجیل میں اتنی وضاحت سے نہیں ملتا۔ اِن تفصیلات سے ہم یہ سیکھ سکتے ہیں کہ خدا اپنے لوگوں کو بلانے کے لیے کن ذرائع کا استعمال کرتا ہے۔ یہاں ہمیں اندریاس، پطرس اور ایک اورشاگرد کے بلائے جانے کا ذکر ملتا ہے جو غالباً خود یوحنا تھا۔ (پہلی بات یہ کہ اُس نے دوسرے شاگرد کا نام نہیں لیا اور اِسی کے ساتھ اُس نے اُس خاص وقت کا ذِکر کیا جو اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ وہ دوسرا شاگرد خود یوحنا تھا)۔

یوحنا اور اندریاس دونوں نے یسوع کی پیروی کا بلاوا یوحنا بپتسمہ دینے والے کی منادی کے وسیلہ سے حاصل کیا۔ جب وہ یسوع کے پیچھے ہو لئے تو اُس نے اُن سے پوچھا تم کیا ڈھونڈتے ہو؟ اُن کے جواب سے یہ صاف ظاہر ہے کہ وہ یوحنا کے الفاظ کی بدولت محض تجسس کے باعث نہیں آئے تھے بلکہ اُن کے دِلوں میں حقیقی چاہ تھی کہ وہ یسوع سے سیکھیں اور اُس کی مانند زندگی بسر کریں۔ اگرچہ یوحنا بپتسمہ دینے والا اُن کے بُلائے جانے کا ظاہری وسیلہ تھا لیکن اُن کے دِلوں میں حقیقی ایمان خدا کی طرف سے پیدا کردہ تھا۔

پھر اندریاس سے یہ ایمان اُس کے بھائی شمعون پطرس تک پہنچا۔ اُس نے پطرس سے کہا کہ ہم کو خرستس یعنی مسیح مل گیا (آیت 41) ۔ اندریاس پطرس کو یسوع کے پاس لایا جس کے بارے میں پیش گوئی کی گئی کہ وہ مستقبل میں کلیسیا کا ایک عظیم رہنما بنے گا۔

انجیل کی وفادارانہ منادی وہ بیرونی ذریعہ ہے جس کے ذریعے خدا اپنے لوگوں کو اپنی طرف بلاتا ہے اور اِسی کے ساتھ ہی روح القدس اُن کے دِلوں میں اندرونی طور پر کام کرتا ہے۔ یہی سبب ہے کہ کلیسیا کو خدام کی شدید ضرورت ہے کیونکہ انجیل کی منادی ایک اہم اور بیش قیمت ذریعہ ہے جس کے وسیلہ سے خدا اپنے برگزیدہ لوگوں کو جمع کرتا ہے اور تعلیم دیتا ہے کیونکہ بغیر منادی کرنے والے کے کیونکر سنیں (رومیوں14:10)۔

ممکن ہے کہ آپ کو پاسبان بننے کا خاص بلاوا نہ ہو مگر خدا پھر بھی آپ کو اپنے اِرد گرد کے لوگوں تک انجیل کی سچائی پہنچانے کے لئے استعمال کر سکتا ہے۔ ہر ایماندار بشمول آپ کا یہ فرض ہے کہ دوسروں کو مسیح کے پاس لائیں جیسے اندریاس اپنے بھائی شمعون پطرس کو یسوع کے پاس لایا۔

شخصی جائزہ: اپنے آپ سے سوال کریں کہ

١۔ نوجوانو، کیا آپ نے سنجیدگی اور دعا کے ساتھ یہ غور کیا ہے کہ ممکن ہے کہ خدا آپ کو انجیل کی منادی کے لیے بلا رہا ہے؟

٢۔ نوجوان خواتین، آپ اپنی روزمرہ کی زندگی میں کس طرح دوسروں کے ساتھ انجیل کی سچائی بانٹنے کے لیے بلائی گئیں ہیں؟

اپنے آسمانی باپ سے دعا کرتے وقت

١۔ اُس وقت کا اقرار کریں جب آپ نے اپنے خوف کے باعث کسی کے ساتھ انجیل کا پیغام بانٹنے سے گریز کیا۔

٢۔ خدا سے درخواست کریں کہ وہ آپ کے پاسبان کی مدد کرے جب وہ ہر ہفتہ وفاداری سے انجیل کی منادی کرتا ہے اور اگر آپ کی کلیسیا ایک وفادار پاسبان سے محروم ہے تو خدا آپ کو وفادار پاسبان دے ۔

٣۔ فضل کے کام کے لئے خدا کا شکر ادا کریں۔ جس کے وسیلہ آپ نجات بخش ایمان کے لئے بلائے گئے۔

اردو زبان میں ترجمہ شدہ مضامین اور کتابیں پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

Show Buttons
Hide Buttons