ویسٹ منسٹر کے عقائدی معیارات
تعارف: اسٹیفن ٹینر
ترجمہ و تالیف: ارسلان الحق
ویسٹ منسٹر کے عقائدی معیارات کے بارے میں
ویسٹ منسٹر اقرارالایمان بائبل مقدس کی تعلیمات کا ایک نہایت عمدہ خلاصہ ہے جسے مسیحی طویل عرصے سے اپنی رہنمائی کے لیے استعمال کرتے آئے ہیں۔ یہ اقرارالایمان اُس سچائی کو قائم رکھتا ہے جو یسوع میں ہے اور اِسی کے ذریعے اُن غلط تعلیمات و عقائد کی تردید کرتا ہے جنہوں نے صدیوں سے مسیحی کلیسیا کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ اقرارالایمان اور ویسٹ منسٹر کی دیگر دستاویزات برطانیہ میں پیوریٹن دور کے دوران میں مرتب کی گئیں جو بے مثال روحانی برکتوں کا زمانہ تھا جب خدا کے بڑے بڑے کام مملکتِ متحدہ کی کلیسیاؤں کی منادی اور عملی زندگی میں نمایاں طور پر ظاہر ہوئے۔
١٦٤٣ء میں انگلستان کے شہر ویسٹ منسٹر میں قومی قانون ساز مجلس (پارلیمنٹ ۔ پارلیمان) کے ایوانِ بالا اور ایوانِ زیریں کے ارکان جمع ہوئے اور اس بات کا اقرار کیا کہ قادرِ مطلق خدا کی اس قوم پر بے شمار برکتوں میں سے کوئی بھی ہمارے لیے ہمارے مذہب کی پاکیزگی سے زیادہ عزیز نہیں ہے اور نہ ہو سکتی ہے۔ چنانچہ انہوں نے یہ مناسب اور ضروری سمجھا کہ ایک مجلس بلائی جائے جس میں فاضل، دِیندار اور مدبر علما شامل ہوں تاکہ وہ اپنی رائے اور مشورہ پیش کریں۔ اِسی مقصد کے تحت اسکاٹ لینڈ، انگلستان اور آئرلینڈ کے نہایت تجربہ کار اور دِیندار پاسبان ویسٹ منسٹر میں اکھٹے ہوئےاور تقریباً چھ سال تک یہ مجلس جاری رہی۔ اس مجلس کا بنیادی مقصد ایک ایسا اقرارالایمان مرتب کرنا تھا جو کلیسیائے انگلستان کو غیر بائبلی طرزِ حکومت اور عبادت سے پاک کرے اور اِس طرح تینوں سلطنتوں کی کلیسیاؤں کو خدا کے کلام کے مطابق عقیدہ اور عمل میں متحد کرے۔
اس کام میں اسکاٹی اقرارالایمان، آئرلینڈ کے مذہبی ارکانِ ایمان اور کلیسیائے انگلستان کے انتالیس ارکانِ ایمان سے مدد لی گئی۔ویسٹ منسٹر اقرارالایمان میں ابتدائی مسیحی عقائد اور یورپ کے کلیسیائی عقائد کا بھی اثر شامل ہے۔ویسٹ منسٹر کی مجلس کے زیادہ تر ارکان پریسبیٹیرین تھے جن میں اسکاٹ لینڈ کے کچھ سرکاری نمائندے (کمشنرز) جبکہ چند نمایاں انڈیپنڈنٹس (کانگریگیشنل) بھی شامل تھے۔ ویسٹ منسٹر اقرارالایمان، تفصیلی اور مختصر کیٹی کزم اور نجات بخش علم کا خلاصہ آج بھی دنیا بھر کی انجیلی پریسبیٹیرین کلیسیاؤں میں استعمال ہوتے ہیں۔ ویسٹ منسٹر مختصر کیٹی کزم بچوں کو مسیحی ایمان سے متعارف کروانے کے لئے پڑھایا جاتا ہے تاکہ وہ ایمان کے بنیادی اصول سیکھ سکیں۔
اردو زبان میں ترجمہ شدہ مضامین اور کتابیں پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

