یسوع کون ہے؟
یوحنا کی انجیل میں سےنوجوانوں کے لئے روحانی پیغامات (کتاب اوّل)
مصنف: ایبی وین سولکیما
مترجم: سنیل سموئیل
تعارف
یسوع کون ہے؟ یہ وہ سوال ہے جس کا جواب یوحنا نے یسوع کی زمینی خدمت سے متعلق مختلف طریقوں سے اپنی انجیل میں دیا ہے۔چاروں انجیلوں میں سے یوحنا نے زیادہ الٰہیاتی انجیل لکھی۔اُس نے منفرد مواد شامل کیا جو متی، مرقس اور لوقا کی اناجیل میں موجود نہیں ہے۔چونکہ یوحنا نے اپنی انجیل بعد میں لکھی، اس لئے اُس نے ایسی معلومات دی جو قاری کو دوسری تین اناجیل متفقہ کے واقعات کو بہترطور پر سمجھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
بطور رسول ، یوحنا یسوع کی زمینی خدمت کا چشم دید گواہ تھا۔وہ الٰہی تحریک پا کر اپنے چشم دیدگواہ ہونے ، یوحنا بپتسمہ دینے والے کی گواہی، پرانے عہد نامے کے حوالوں( نبوتوں )اور یسوع کے الفاظ کو استعمال کرتے ہوئے اپنی انجیل کو لکھتا ہے۔اس نے ان تمام عناصر کو یکجا کیا تاکہ مکمل تصویر پیش کرے کہ یسوع درحقیقت کون ہے؟
جب آپ اگلے اٹھائیس دِنوں میں یوحنا کی انجیل کے پہلے چار ابواب کا مطالعہ کریں گے تو میری دعا ہے کہ آپ پر یہ واضح ہو کہ اِس سوال کے بارے میں آپ کا اپنا جواب یسوع کون ہے؟ درحقیقت کتنا اہم ہے۔آج بہت سے لوگ جو ایمان رکھتے ہیں، اُن کے برعکس یسوع کی الوہیت، انسانیت اور کردار کی سچائی کوئی ایسی چیز نہیں ہے جس پر آپ اپنی رائے قائم کر سکیں۔یہ واضح طور پر بائبل مقدّس میں سکھایا گیا ہے اورہے بھی کہ بائبل مقدّس تعلیم اور الزام اور اصلاح اور راست بازی میں تربیت کرنے کے لیے فائدہ مند بھی ہے (2 تیمتھیس 16:3)۔
یہ سچائی براہ راست آپ کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرتی ہے۔میں دعاگو ہوں کہ آپ اِس بات کو سمجھیں کہ خدا کا کلام جو سالوں پہلے لکھا گیا تھا آج بھی اُن بے شمار مسائل سے متعلق بیان کرتا ہے جن کا آپ بطور ایک مسیحی نوجوان سامنا کرتے ہیں۔لیکن سب سے بڑھ کر، میں دعا کرتی ہوں کہ یوحنا کی انجیل کے مطالعے کے ذریعے آپ اپنے آسمانی باپ کے ساتھ شخصی تعلق میں ترقی کرسکیں۔ہر دِن کی ترتیب اِس طرح ہو گی کہ آپ پہلے یوحنا کی انجیل سے ایک حوالہ پڑھیں گے، جس میں آپ کلیدی جملوں پر غور کریں گے۔پھرمطالعہ اور غور وخوض کرتے وقت آپ کو رہنمائی فراہم کی جائے گی کہ آپ اِس کے بارے میں سوچیں کہ حوالے کا مطلب کیا ہے۔شخصی جائزے والا حصہ آپ کی مدد کرے گا کہ آپ بائبل مقدّس کی سچائی کو اپنی زندگی پر لاگو کرسکیں۔اور آخر میں اپنے آسمانی باپ سے دعا کریں والے تیسرے حصے میں دعا کے نکات اُسی حوالے پر مبنی ہوں گے جن کو آپ اپنی شخصی دعا میں آغاز کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔نوٹ کی جگہ اِس مقصد کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے کہ آپ اطلاقی سوالات پر اپنے خیالات یا دعا تحریر کریں۔
یہ جلد اور باقی تین جلدیں جو اِس کے بعد لکھی گئیں ہیں،یوحنا کی انجیل پر کوئی جامع تفسیر نہیں ہیں۔بلکہ ان کا مقصد یہ ہے کہ آپ کو ایک رہنما کے طور پر منظم طریقے سے بائبل مقدس کی ایک پوری کتاب سے روشناس کروایا جائے اور آپ شخصی بائبلی مطالعہ کے طریقے سے واقفیت حاصل کریں۔ اِس مطالعہ کے دوران میں ، اگر آپ کے ذہن میں اِن آیات کے بارے میں کوئی سوا ل پیدا ہوں تو میں آپ کی حوصلہ افزائی کروں گی کہ اُن کے بارے میں اپنے والدین اور بہن بھائیوں اور مسیحی ایماندار دوستوں کے ساتھ گفتگو کریں یا کسی بزرگ (ایلڈر) یا پاسبان سے مدد حاصل کریں۔
اردو زبان میں ترجمہ شدہ مضامین اور کتابیں پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

