مصنف: مائیک ویلتھاؤس
ترجمہ و تالیف: ارسلان الحق
زبور 54
مفرور شخص کو آخرکار چھپنے کے لیے ایک محفوظ جگہ مل گئی۔ یا یہ اُس کا خیال تھا۔
داؤد تقریباً دو سال سے ساؤل بادشاہ سے بھاگ رہا تھا۔ ساؤل نے دوسری بار داؤد پر بھالا پھینکا تھا اور تب سے داؤد چھپتا پھر رہا تھا۔ چھپتا چھپاتا وہ اپنے گھر سے سموئیل نبی کے پاس، نوب میں اخیملک کے ہاں، فلستیوں کے علاقہ جات میں ، عدلام کے مغارے یعنی غار میں ، موآب کی سرزمین میں اور پھر واپس اسرائیل میں یہوداہ کے علاقہ قعیلہ جا پہنچا۔
قعیلہ میں داؤد اور اس کے لوگوں نے فلستیوں کے حملے کو ناکام بنایا اور اور اُن سے قعیلیوں اور اُن کے شہر کو بچایا۔ آپ کے خیال میں داؤد کو اِس کے بدلے میں کیا ملنا چاہیے تھا؟ پر یہاں بھی داؤد کو دھوکا ہی ملا۔ ممکن ہے کہ بعض نے اُس کا شکریہ ادا کیا ہو لیکن کچھ لوگوں نے ساؤل کو خبردے دی کہ داؤد قعیلہ میں ہے اور اُس کو ساؤل کے حوالے کرنے کی تدبیر کی۔ خدا نے داؤد کو اُن کی ستم گری اور دھوکہ دینے کے اِرادے سے خبردار کیا اور وہاں سے نکل جانے کا حکم دِیا۔
۱ سموئیل 14:23 میں بیان کیا گیا ہے کہ داؤد نے دشتِ زیف کے قلعوں میں سکونت کی۔ یہ پہاڑ زیادہ بڑا نہیں تھا ممکن ہے کہ چند سو فٹ اونچا لیکن اس کی چوٹی گھنے جنگل سے ڈھکی ہوئی تھی۔ جنگل چھپنے کے لیے بہترین جگہ ہوتا ہے اور پہاڑ کی بلندی داؤد اور اس کے ساتھیوں کو ہر سمت نظر رکھنے کی سہولت فراہم کرتی تھی۔ وہ اپنی طرف بڑھنے والے ہر خطرے کو آسانی سے بھانپ سکتے تھے۔ ہم پڑھتے ہیں کہ ساؤل کا بیٹا اور داؤد کا عزیز ترین دوست یونتن داؤد کے پاس بن میں آیا اور خدا میں اُس کا ہاتھ مضبوط کیا (آیت 16)۔ کیسی بڑی برکت ہے! لگتا ہے کہ داؤد کے لیے سب کچھ ٹھیک ہو رہا ہے، ہے نا؟ بالکل نہیں۔
زیف کا شہر اس پہاڑ کے قریب واقع تھا۔ زیف کے لوگوں نے داؤد اور اُس کے لوگوں کو کوہِ حکیلہ کے بن کے قلعوں میں جاتے دیکھا تھا۔ وہ جانتے تھے کہ نوب کے کاہنوں اور لوگوں کے ساتھ کیا ہوا تھا جنہوں نے داؤد کی آمد کی اطلاع ساؤل کو نہیں دی تھی اور وہ بھی اِسی سزا کے سبب خوف میں مبتلا تھے۔ آپ کے خیال میں انہوں نے کیا کیا؟ تب زیف کے لوگ جبعہ میں ساؤل کے پاس جا کر کہنے لگے کیا داؤد ہمارے درمیان کوہِ حکیلہ کے بن کے قلعوں میں دشت کے جنوب کی طرف چھپا ہوا نہیں ہے؟ سو اب اے بادشاہ تیرے دِل کو جو بڑی آرزو آنے کی ہے اُس کے مطابق آ اور اُس کو بادشاہ کے ہاتھ میں حوالہ کرنا ہمارا ذمہ رہا (آیت 19)۔ داؤد اب ایک بار پھر دھوکہ کھا گیا.
لیکن یہ دوہرا دھوکہ کسی عام شخص نے نہیں دیا۔ قعیلہ کے لوگوں کی طرح، زیف کے لوگ بھی داؤد کے اپنے قبیلے یہوداہ سے تعلق رکھتے تھے۔ زبور 54 کے پہلے حصے میں آپ داؤد کی خدا سے فریاد میں درد محسوس کر سکتے ہیں، کیونکہ بیگانے میرے خلاف اُٹھے ہیں اور تندخو لوگ میری جان کے خواہاں ہوئے ہیں (آیت 3)۔ اپنے ہی رشتے داروں کو بیگانے اور تند خو لوگ کہنا، اس پر غور کریں۔ داؤد خدا سے فریاد کرتا ہے، مجھے بچا، میرا انصاف کر، میری دعا سن لے (آیات 1–2)۔ کیا آپ اس کی آواز میں درد محسوس کر سکتے ہیں؟ کیا آپ اس بات کا تصور کر سکتے ہیں کہ وہ مایوسی میں گھٹنوں کے بل گر کر اپنا سر زمین پر جھکا دیتا ہے؟
غور کریں، آیت 3 کے آخر میں کیا لکھا ہے، سلاہ۔
سلاہ کا مطلب ہے: وقفہ۔ رکیں۔ غور کریں۔ سوچیں۔ سانس لیں۔ خدا کو جیسا ہے ویسا ہی دیکھیں۔
دیکھو! خدا میرا مددگار ہے۔ خداوند میری جان کو سنبھالنے والوں میں ہے (آیت 4)۔
کیا آپ داؤد کے کندھوں سے بوجھ ہٹتے ہوئے محسوس کر سکتے ہیں؟ کیا آپ اپنے دِل کی دھڑکن کو آہستہ ہوتے ہوئے محسوس کرتے ہیں جب اس کے نظریہ میں یہ خوبصورت تبدیلی واقع ہوتی ہے؟ جی ہاں، ساؤل ابھی بھی داؤد کے تعاقب میں تھا اور اُسے اور اس کے ساتھیوں کو ایک بار پھر جگہ تبدیل کرنی پڑے گی۔ لیکن وہ یہ سب کرنے میں اپنے خدا پر ایمان کے باعث پراعتماد تھے۔
کیا آپ نے کبھی اندھیرے میں اپنے بستر پر لیٹے ایسے حالات سے نکلنے کی کوشش کی ہے؟ کیا آپ رات بھر تلملاتے ہوئے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں؟ کیا آپ محسوس کرتے ہیں کہ آپ گھٹنوں کے بل گر جائیں، اپنا سر زمین پر جھکا دیں اور زندگی میں کسی گناہ کے نتیجے پر درد میں رونے لگ جائیں؟
سلاہ۔
رکیں۔ غور کریں۔ سوچیں۔ خدا کون ہے؟
وہ آپ کا بھی مددگار ہے۔ وہ آپ کی بھی جان کو سنبھالنے والوں میں ہے۔ وہ وہی خدا ہے جو آپ سے دست بردار نہیں ہوگا اور نہ آپ کو چھوڑے گا (استثنا 6:31)۔ وہ نیک ہے اور معاف کرنے کو تیار ہے (زبور 5:86)۔ کیا یہ آپ کے لئے اطمینان بخش نہیں؟
زبور 6:54 میں داؤد ہمیں بتاتا ہے کہ اُس پر اعتماد کا اظہار کیسے کریں۔ میں تیرے حضور رضا کی قربانی چڑھاؤں گا۔ اے خداوند! میں تیرے نام کی شکرگذاری کروں گا کیونکہ وہ خوب ہے۔ قربانی اور شکرگذاری کے ذریعے۔ دوسروں کی خدمت کرنے، کلیسیا یا اپنے آس پاس کے لوگوں کی مدد کرنے کے ذریعے ہم قربانی کرتے ہیں۔ خدا کی حمد کرنے، دعا کرنے اور اس کا کلام پڑھنے کے ذریعے ہم اُس کی شکرگذاری کرتے ہیں۔
اردو زبان میں ترجمہ شدہ مضامین اور کتابیں پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

