Menu Close

دسواں دِن: اُس (یسوع مسیح) کے جلال کا نشان / A Sign of His Glory

       

یسوع کون ہے؟

یوحنا کی انجیل میں سےنوجوانوں کے لئے روحانی پیغامات (کتاب اوّل)

مصنفہ: ایبی وین سولکیما

مترجم: سنیل سموئیل

دسواں دِن: اُس (یسوع مسیح) کے جلال کا نشان

پھر تیسرے دِن قانایِ گلیل میں ایک شادی ہوئی اور یسوع کی ماں وہاں تھی۔ او ر یسوع او راُس کے شاگردوں کی بھی اُس شادی میں دعوت تھی۔ اور جب مے ہو چکی تو یسوع کی ماں نے اُس سے کہا کہ اُن کے پاس مے نہیں رہی۔ یسوع نے اُس سے کہا اے عورت مجھے تجھ سے کیا کام ہے؟ ابھی میرا وقت نہیں آیا۔ اُس کی ماں نے خادموں سے کہا جو کچھ یہ تم سے کہے وہ کرو۔ وہاں یہودیوں کی طہارت کے دستور کے موافق پتھر کے چھ مٹکے رکھے تھے اور اُن میں سے دو دو تین تین من کی گنجایش تھی۔ یسوع نے اُن سے کہا مٹکوں میں پانی بھر دو۔ پس انہوں نے اُن کو لبا لب بھر دیا ۔ پھر اُس نے اُن سے کہا اب نکال کر میرِمجلس کے پاس لے جاؤ۔ جب میرِ مجلس نے وہ پانی چکھا جومے بن گیا تھا اور جانتا نہ تھا کہ یہ کہاں سے آئی ہے(مگر خادم جنہوں نے پانی بھرا تھا جانتے تھے)تو میرِمجلس نے دلہا کو بلا کر اُس سے کہا۔ ہر شخص پہلے اچھی مے پیش کرتا ہے اور ناقص اُس وقت جب پی کر چھک گئے مگر تو نے اچھی مے اب تک رکھ چھوڑی ہے۔ یہ پہلا معجزہ یسوع نے قانایِ گلیل میں دِکھا کر اپنا جلال ظاہر کیا اوراُس کے شاگرد اُس پر ایمان لائے۔ اس کے بعد وہ اور اُس کی ماں اور بھائی اور اُس کے شاگرد کفرنحوم کو گئے اور وہاں چند روز رہے (یوحنا 2: 1- 12)۔

یسوع کا قانایِ گلیل کی شادی میں پانی کو مے بنانا اُس کی زمینی خدمت کا پہلا معجزہ تھا۔یہ ان سات معجزات میں سے پہلا معجزہ ہے جن کو یوحنا نے اپنی انجیل میں شامل کیاہے حالانکہ یسوع نے اِس کے علاوہ بھی بہت سے معجزے کیے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یوحنا نے اُس شادی کی ضیافت کے بارے میں زیادہ تفصیل سے بیان نہیں کیا ۔ نہ ہی یہ بیان کیا گیا ہے کہ شادی کون کر رہا تھا اور نہ یہ کہ اُس کا یسوع یا اُس کی ماں کے ساتھ کیا رشتہ تھا۔یہ ہمارے لیے سبق ہے کہ بائبل مقدّس میں درج معجزات کے چھوٹے پہلوؤں میں الجھنے کی ضرورت نہیں۔اِس کی بجائے ہماری توجہ کا مرکز یہ ہونا چاہیے کہ یہ معجزہ ہمیں مسیح کے جلال کے بارے میں کیا سکھاتا ہے۔

یسوع نے اپنی زمینی خدمت کے دوران میں جو معجزے کیے وہ گویا عملی تمثیلیں تھی۔ہر معجزہ زمینی چیزوں کے ذریعے ہم پر یہ ظاہر کرتا تھا کہ خدا کون ہے اور ہم کیا نہیں ہیں۔ مے کی تیاری کے لئے کافی وقت درکار ہوتا تھا۔یسوع نے لمحوں میں پانی کو مے میں بدل دیا جو کہ خدا کی حیرت انگیز اور تبدیل کرنے والی قدرت کو ظاہر کرتا ہے۔ خدا اپنی مرضی کے مطابق گناہ میں گرے ہوئے روحانی طور پر مردہ گناہ گاروں کو بھی پل بھر میں تبدیل کرنے کی قدرت رکھتا ہے۔

پرانے عہدنامے میں مے خوشی اور برکت کی علامت تھی (زبور 15:104، امثال 10:3)۔ نئے عہدنامے میں یہ مسیح کے خون کی علامت ہے (1 کرنتھیوں 25:11)۔ اِس شادی کا میرِمجلس اور میزبان اپنے مہمانوں کے لیے کافی مے مہیا نہ کر سکے۔ مگر یسوع نے اُن کی ضرورت سے کہیں زیادہ مے فراہم کی جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ نجات دہندہ کس طرح اپنے لوگوں کو اپنے فضل سے نجات اور برکتوں سے معمور کرتا ہے۔

جس طرح انجیل کی منادی لوگوں کو یا تو مسیح کے قریب لاتی ہے یا اُنہیں اُس سے دور کر دیتی ہے (عبرانیوں 12:4) اِسی طرح یسوع کے کئے ہوئے حیرت انگیز معجزات نے اُن پر دو طرح کے اثرات چھوڑے جنہوں نے اُن کو دیکھا۔ایماندار یعنی یسوع کے شاگردوں کے لیے اِن معجزات نے اُس کے جلال اور فضل کوظاہر کیا اور اُن کے ایمان کو مضبوط کرنے کا وسیلہ بنے۔مگر غیر ایمانداروں کے لیے یسوع کے معجزے محض مسحور کن کرتب بن گے جنہوں نے اُن کے دِلوں کو مزید سخت کر دیا اور وہ اُس کے خلاف ہو گئے۔

شخصی جائزہ: اپنے آپ سے سوال کریں کہ

١۔ آپ اپنی زندگی میں خدا کے جلال کے کون سے نشان دیکھ سکتے ہیں؟

٢۔ یسوع کے معجزے اور آپ کی زندگی میں اُ س کے ہونے والے کام پر غور کرنے سے آپ کا ایمان اُس پر کس طرح مضبوط ہوتا ہے؟

اپنے آسمانی باپ سے دعا کرتے وقت

١۔ خدا کی تبدیل کرنے والی قدرت کے لئے اُس کی ستایش کریں ۔

٢۔ درخواست کریں کہ روح القدس آپ کے دِل میں کام کرے تاکہ آ پ کا خدا پر ایمان اور زیادہ مضبوط ہوجائے۔

٣۔ خدا کا شکر ادا کریں اُس بھرپور خوشی اور برکتوں کے لیے جو اُس نے آپ کو عطا کی ہیں۔

اردو زبان میں ترجمہ شدہ مضامین اور کتابیں پڑھنے یا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

Show Buttons
Hide Buttons